کربلائے معلی میں ایران کے ترقی یافتہ، کینسر کے علاج کے مرکز کا افتتاح
ایران نے کربلائے معلی میں کینسر ریسرچ سینٹر کی ایک برانچ کا افتتاح کیا ہے
سحر نیوز/ ایران: معتمد جہاد دانشگاہی کینسر ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے اعلی عہدے داروں کے مطابق، عراق کے شہر کربلائے معلی میں اس انسٹیٹیوٹ کے کینسر کے علاج اور بنیادی خلیوں کے ٹرانسپلانٹ کی ایک شاخ کا افتتاح ہوگیا ہے۔
یہ مرکز روضہ امام حسین علیہ السلام کے طبی اور معالجاتی مرکز کی درخواست اور ان کی فنڈنگ سے قائم کیا گیا جہاں ایران کے ماہر ترین ڈاکٹر کینسر کے بیماروں کا ایلوجینک بون میرو ٹرانسپلانٹ انجام دیں گے۔
ایران کے بنیادی خلیوں کے ٹرانسپلانٹ کے بانی ڈاکٹر اردشیر قوام زادہ نے کہا ہے کہ ٹرانسپلانٹ کا پہلا آپریشن کربلا کے امام حسن مجتبی علیہ السلام ہسپتال میں انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپلانٹ کی سائنس کی منتقلی کے دستاویزات پر بھی دستخط کئے جا چکے ہیں۔اس کینسر انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ڈاکٹر رامین صرامی فروشانی نے بھی بتایا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں اس مرکز میں کینسر تھلاسیمیا اور کینسر کے جینیاتی علاج پر توجہ دی جائے گی اور بعد کے مراحل میں ایرانی ماہرین، سیل اور جین تھراپی کے وسائل اور طریقے بھی اس ہسپتال کو فراہم کریں گے۔