تیرہ آبان : تہران ریلی کی قرارداد
سامراج کے خلاف جدوجہد کے قومی دن کے مظاہروں اور جلوسوں میں سامراجی طاقتوں کے زرخرید بلوائیوں اور دہشت گردوں کے مقابلے اور ان کے ناپاک عزائم کی سرکوبی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
تیرہ آبان مطابق چار نومبر کی تاریخ ایران میں عالمی سامراج کے خلاف جدوجہد کا قومی دن ہے۔ چار نومبر کےمظاہروں میں شریک ایرانی عوام نے امریکہ مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے عالمی سامراج سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔ تیرہ آبان مطابق چار نومبر عالمی سامراج سے مقابلے کے قومی دن کی مناسبت سے پورے ایران میں عوام نے سڑکوں پر نکل کر حالیہ بلووں اور شیراز میں دہشت گردانہ حملے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ امریکہ کی سرکردگی میں عالمی سامراج کے خلاف احتجاج اور انقلاب اسلامی کی امنگوں نیز رہبر انقلاب اسلامی کے ساتھ اعلان وفاداری کیا۔
آج کے یہ مظاہرے تہران اور ایران کے نو سو دیگر شہروں میں کئے گئے جن میں ایرانی عوام نے وسیع پیمانے پر شرکت کی۔ ان مظاہروں میں ایرانی عوام نے اسلامی نظام حکومت، عدلیہ اور پارلیمنٹ کے اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے بلوائیوں اور شرپسندوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے اسی طرح شہر شیراز میں حضرت شاہ چراغ کے حرم مطہر میں دہشت گردانہ حملہ کئے جانے کی بھی شدید مذمت کی۔