Nov ۰۶, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران کے اعلیٰ حکام کی مشترکہ نشست، دشمنانہ سازشوں کے مقابلے پر زور

ایرانی مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ کے حکام کا اجلاس صدر سید ابراہیم رئیسی، اسپیکر محمد باقر قالیباف اور عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژہ ای کی شرکت سے منعقد ہوا۔

سحر نیوز/ایران: ایرانی حکام نے اپنی ایک مشترکہ نشست میں ایرانی عوام کے دشمنوں کی دھمکیوں اور سازشوں کے خلاف مزید چوکس رہنے اور شرپسندوں اور بلوائیوں کی مذموم اور تفرقہ انگیز سازشوں سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایرانی مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ کے سربراہوں کی نشست صدر سید ابراہیم رئیسی، اسپیکر محمد باقر قالیباف اور عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی اژہ ای کی شرکت سے منعقد ہوئی۔

اس موقع پر انہوں نے عالمی سامراجیت کے خلاف جد وجہد کے قومی دن 4 نومبر کی مناسبت سے ایرانی عوام  کے بھرپور مظاہروں اور ریلیوں کی قدردانی کرتے ہوئے ملک میں انتشار پھیلانے اور عدم تحفظ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف جاری عدالتی کارروائی کو تیز کرنے اور انہیں سزا دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

انہوں نے خطرات کو ماضی کی طرح مواقع میں بدلنے کے لیے تمام اداروں اور تنظیموں کی طرف سے ممکنہ حد تک ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور ساتھ ہی اقتصادی ترقی و پیشرفت اور ملک کے ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینے کے مقصد سے پابندیوں کو بے اثر کرنے اور لوگوں کی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے پر زور دیا۔

واضح رہے کہ 3 نومبر 2022 کو امریکہ کے محکمۂ خزانہ نے ایران پر مزید پابندیاں عائد کرتے ہوئے اپنی پابندیوں کی فہرست میں مزید 6 افراد، 17 کمپنیوں اور 11 بحری جہاز کو شامل کیا ہے۔

ٹیگس