Nov ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • امریکہ ایران کو الگ تھلگ کرنے میں ناکام: ترجمان دفتر خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ امریکہ اور البانیہ کو آریا فارمولا اجلاس میں ایران کو الگ تھلگ دکھانے کی کوشش میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں سلامتی کونسل کے ارکان کی غیررسمی نشست آریا فارمولا کے بارے میں جس کے بانی امریکہ اور البانیہ تھے لکھا ہے کہ انسانی حقوق کو پامال اور بدنام ترین دہشت گرد گروہوں کو پناہ دینے والے ممالک نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف آریا فارمولا اجلاس کا انعقاد کیا تا کہ اپنے زعم میں ایران کو قصوروار ٹھہرا سکیں اور الگ تھلگ کردیں۔ 
ترجمان وزارت خارجہ نے مزید لکھا ہے کہ امریکہ نے اس اجلاس میں دو ایسی عورتوں کو بولنے کا موقع دیا جو کہ ایرانی خواتین اور بچوں پر پابندی عائد کرنے کی کھل کر حمایت کرتی رہتی ہیں۔ 
ناصر کنعانی نے اپنی ٹوئیٹ میں اس اقدام کو امریکی حکومت کی کھلی شکست قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے بلائی گئی اس نشست کے محض چند دنوں کے اندر، اقوام متحدہ کے منشور کے حامی انیس ممالک نے تہران میں ایک منعقدہ نشست کے دوران امریکہ کے کئے دھرے پر پانی پھیر دیا۔ 
یاد رہے کہ امریکہ نے دو نومبر کو سلامتی کونسل کے ارکان پر مشتمل غیررسمی نشست آریا فارمولا اجلاس بلایا تھا جس میں ایران کی مذمت کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی تاہم روس اور چین کے نمائندوں نے اجلاس کے دوران امریکی پالیسیوں کو کھل کر تنقید کا نشانہ بنایا۔

ٹیگس