ایران کے امور میں مداخلت پر ناروے کے سفیر کی وزارت خارجہ میں طلبی
ایران کے امور میں مداخلت کرنے پر ناروے کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر لیا گیا۔
سحر نیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ نے پیر کے روز تہران میں ناروے کے سفیر کو طلب کرکے اسلامی جمہوریہ کے خلاف ناروے کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے مداخلت پسندانہ بیان پر سخت احتجاج کیا۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ نے ناروے کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے بیان کی شدید مذمت کی اور اسے ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا۔
ناروے کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں، ایران میں فسادات، بلووں کو جائز ٹھہراتے ہوئے شرپسندوں کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
احتجاج کے بعد ناروے کے سفیر نےاوسلو میں ایران کے اعتراض کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ ایران کے دشمنوں نے مہسا امینی کی موت کو بہانہ بنا کر ہونے والے فسادات اور بلووں کی حمایت کر کے ایران کے داخلی امور میں واضح مداخلت کی اور اس موقع سے غلط فائدہ اٹھانے کی بھرپور کوشش کی اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔