تہران تباہی سے بچ گیا، دو خودکش دہشتگرد گرفتار (ویڈیو)
تہران کے مغرب میں 2 خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران کے مغربی زون کے پولیس کمانڈر کیوان ظہیری نے کہا ہے کہ 16 نومبر کو قدس شہر میں دہشت گردانہ کارروائی کرنے کی خبر ملی تھی جس کے بعد 17 نومبر کو کارروائی کی گئی اور دو خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور قدس شہر میں مذہبی مقامات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ رکھتے تھے لیکن انہیں اس سے پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آوروں سے 7 کیلو دھماکہ خیز مواد، 2 پسٹل، 91 گولیاں، ریموٹ کنٹرول اور 3 عدد سائلنسر silencer بر آمد کیے گئے۔
واضح رہے کہ ان دنوں ایران میں بد امنی کو فروغ دے کر عوام کو نظام اسلامی کے خلاف سڑکوں پر لانے، ملک میں خانہ جنگی کی آگ بھڑکانے اور ایران کو چند حصوں میں تقسیم کرنے کی سازش کے تحت امریکہ، صیہونی حکومت اور انکے علاقائی و غیر علاقائی ممالک اپنے اندرونی اور بیرونی عناصر کے ساتھ میدان میں اتر آئے ہیں جن سے مقابلے کے لئے ایرانی حکومت نے بھی اپنے عوام اور سکیورٹی فورسز اور ایجنسیز کے ساتھ کمر کس لی ہے۔
سکیورٹی ایجنسیز اب تک داعش، کوملہ اور ایم کے او نامی دہشتگرد اور علیحدگی پسند ٹولوں سے وابستہ دسیوں عناصر کو گرفتار کر چکی ہیں جبکہ چالیس غیر ملکی شرپسند عناصر بھی ایران میں ہو رہے بلووں کے دوران گرفتار کئے گئے ہیں۔
اسی کے ساتھ ایران کی پولیس نے ملک کے مختلف صوبوں منجملہ تہران، کرستان، کرمان، لرستان، سیستان و بلوچستان اور تبریز میں سرحد پار سے آئے غیر قانونی اسلحوں کے بڑے اسٹاک کا پتہ لگاکر انہیں اپنے قبضے میں لیا ہے جس میں امریکی ساخت کے مختلف قسم کے چھوٹے بڑے سیکڑوں ہتھیار موجود ہیں۔