تحقیقاتی کمیٹی کے ساتھ ایران تعاون نہیں کرے گا، وزارت خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے ایران مخالف قراداد منظور کئے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی سے موسوم سیاسی کمیٹی کے ساتھ ایران کوئی تعاون نہیں کرے گا۔
سحر نیوز ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں مغربی ملکوں کے ایران مخالف اقدام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد ملکوں پر دباؤ ڈالنے کی غرض سے انسانی حقوق کونسل کا عجلت پسندانہ طریقے سے غلط اور ایک حربے کے طور پر استعمال قابل مذمت ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ سمیت بعض مغربی اور ان کے اتحادی ممالک ایران کے حالیہ بلؤوں اور فسادات میں ملوث رہے ہیں اور اس بات کے شواہد موجود ہیں جو تہران میں غیر ملکی سفارتکاروں کو پیش بھی کر دیئے گئے ہیں ۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کے مختلف شہروں میں حالیہ بلؤوں اور بدامنی پھیلانے کے سلسلے میں کئی غیر ملکی شہریوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے ایران میں انسانی حقوق کی صورت حال کے بارے میں ایک قرارداد منظور کی ہے جو ایران میں حالیہ بلؤوں اور فسادات میں انسانی حقوق کی صورت حال کے بارے میں جائزہ لئے جانے سے متعلق ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کے مترادف سمجھی جاتی ہے تاہم ایران نے صاف طور پر کہہ دیا ہے کہ اس کمیٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کا کوئی تعاون نہیں کیا جائے گا۔