ایران کے حالیہ بلؤوں اور فسادات میں 47 جاسوسی کی تنظیمیں ملوث
ایران کی عوامی رضاکار فورس بسیج کے سربراہ نے تاکید کی ہے کہ ہارڈ جنگ کے میدان میں بے بس ہو جانے کی بنا پر ایران کا دشمن ایرانی قوم کو فریب دینے کی غرض سے پروپیگنڈہ اور نفسیاتی جنگ کو ترحیح دیتے ہوئے سافٹ جنگ پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی عوامی رضاکار فورس بسیج کے سربراہ جنرل غلام رضا سلیمانی نے تہران میں بسیج فورس کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی عظیم اور باوقار قوم نے رونما ہونے والے مختلف واقعات میں ہمیشہ اپنی ذہانت و ہوشیاری کا مظاہرہ کیا ۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی قوم کی ہوشیاری کے نتیجے میں دشمن کی تمام شرمناک و ناپاک سازشیں ناکام ہوئیں اورامریکی و صیہونی حکام نے اس ناکامی کا بارہا اعتراف بھی کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران میں حالیہ فسادات اور بدامنی کے واقعات میں ایرانی قوم اور سیکورٹی اہلکاروں نے دشمن کے تربیت یافتہ اور فریب خوردہ عناصر میں فرق کو سمجھتے ہوئے صبر و بردباری کا مظاہرہ کیا اور منطقی اقدامات عمل میں لاتے ہوئے دشمن کی اس سازش پر بھی پانی پھیر دیا۔
جنرل غلام رضا سلیمانی نے کہا کہ دشمن اس لئے بوکھلایا ہوا ہے کہ ایران کے خلاف مختلف قسم کی پابندیوں کے باوجود وہ اپنے نوجوان سائنسدانوں اور ماہرین کے بل بوتے پر ہر شعبے میں قابل ذکر ترقی کر رہا ہے اور ایران نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔