Dec ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۰:۰۲ Asia/Tehran
  • تہران ریاض کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کا خیرمقدم کرتا ہے: ایرانی وزیر خارجہ

ایران کے وزریر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم ریاض کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزریر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اردن کے دورے میں بغداد کانفرنس کے دوسرے دور کے موقع پر اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر سعودی عرب ایران کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے تیار ہے تو ہم بھی اس کا خیر مقدم کریںگے۔

حسین امیرعبداللہیان نے بدھ کے روز اپنے دورہ اردن کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تہران اور ریاض کے مابین سفارتی روابط کی برقراری کیلئے سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے ساتھ  ملاقات کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات منقطع نہیں کئے بلکہ سعودی عرب نے تعلقات منقطع کئے اور جب بھی ریاض دونوں ملکوں کے تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے قدم اٹھائے گا ایران اس کا خیر مقدم کرے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ میں اور علی باقری کنی نے یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے عہدیدار جوزپ بورل اور انریکہ مورا کے ساتھ 2 گھنٹے کی ملاقات میں پابندیوں کے خاتمے سے متعلق مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے دو تین مہینوں میں امریکی فریق نے باربار معاہدے کے حتمی مرحلے تک پہنچنے کیلیے اپنی آمادگی کا اعلان کیا تاہم انہوں نے میڈیا میں منافقانہ رویہ اپنایا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 3 جنوری 2016 کو تہران میں سعودی سفارتخانے اور مشہد مقدس میں قونصل خانے پر بعض افراد کی جانب سے حملے کا بہانہ بنا کر ایران کے ساتھ اپنے سفارتی روابط منقطع کئے۔

ٹیگس