صیہونی حکومت کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دیا جائے گا، جنرل موسوی
ایران کی ذوالفقار فوجی مشقوں کے اختتام پر فوج کے کمانڈر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج غاصب صیہونی حکومت کی ہر قسم کی ممکنہ جارحیت کا دنداں شکن جواب دیں گے اور اس کی ہر طرح کی جارحیت کا بہت زیادہ سخت اور منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔
سحر نیوز/ ایران: جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے ذوالفقار جنگی مشقوں کے اختتام پر کہا ہے کہ ایران کی یہ فوجی مشقیں دوست ملکوں اور علاقے کی قوموں کے لئے صلح و دوستی کے پیغام کی حامل ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ایران کے بدخواہوں کو جان لینا چاہئے کہ ایران کی مسلح افواج اپنے اقدار و امنگوں، ملکی حدود اور سرحدوں، ارضی سالمیت اور نظام اسلامی کے تحفظ کے لئے نہایت سنجیدہ ہیں اور وہ دشمن کی ممکنہ جارحیت کا دندان شکن جواب دیں گی۔
جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت اس وقت اپنی غاصبانہ و جارحانہ تاریخ کے اس دور میں بدترین صورت حال سے دوچار ہے یہی وجہ ہے کہ صیہونی وزیراعظم انتہا پسند ترین کابینہ تشکیل دینے پر مجبور ہوئے ہیں تاکہ صیہونی حکومت کو کسی بھی طرح سے بچایا جا سکے۔
واضح رہے کہ فوجی مشقوں کے دوران ایرانی فوج کے جوانوں نے اپنی دفاعی توانائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کی بخوبی نشاندہی کی ہے کہ وہ دشمن کے مقابلے میں مکمل آمادہ ہیں ۔ فوجی مشقوں کے دوران ایرانی فوج نے اپنے طے شدہ مقاصد میں اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ مشقوں کے آخری دن فرضی دشمن کے ایک درانداز ڈرون طیارے کو کامیابی کے ساتھ مار گرایا ۔ اسکے علاوہ قومی سطح پر تیار شدہ زمین سے ہوا، ہوا سے زمین اور سمندر سے ہوا میں مار کرنے والے میزائلوں اور تار پیڈو کی توانائیوں کا بھی کامیاب مظاہرہ کیا گیا۔