شہید قاسم سلیمانی کی یاد سامراجی طاقتوں سے اظہار نفرت و بیزاری کے مترادف ہے: رئیسی
استقامتی محاذ کے شہید کمانڈروں کی تیسری برسی کے موقع پر ایران کے تمام شہروں اور قصبوں میں شاندار اجتماعات منعقد ہوئے۔ دارالحکومت تہران میں بھی گذشتہ رات سے مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا اور شہید قاسم سلیمانی کے آبائی وطن کرمان میں لاکھوں کا مجمع دیکھنے میں آرہا ہے۔
شہید قدس و استقامت جنرل قاسم سلیمانی اور جنرل ابومہدی المہندس کی یاد میں تہران میں کئی اہم مراکز پر وسیع اور یادگار اجتماعات تشکیل پائے جہاں دسیوں ہزار عقیدتمندوں نے مزاحمتی محاذ کے شہید کمانڈروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ منگل کے روز مرکزی اجتماع تہران کی عیدگاہ مصلائے امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ میں انجام پایا جس میں شہید کے لواحقین اور ایران کی متعدد سیاسی، سماجی اور فوجی شخصیات کے ساتھ ساتھ مزاحمتی محاذ سے وابستہ ممالک کے سو سے زیادہ مہمانوں نے بھی شرکت کی ۔
صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے اس شاندار اجتماع سے خطاب میں کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی یاد تازہ کرنا، تمام خوبیوں کی قدردانی اور ظالم سامراجی طاقتوں سے اظہار نفرت کے مترادف ہے ۔ انہوں نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کو انقلاب اسلامی کا ثمرہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حقانیت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا ۔
اس موقع پر شہید جنرل قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی نے ایرانی عوام بالخصوص کرمان شہر کے رہنے والوں کے پرجوش اجتماعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جنرل قاسم سلیمانی کو عوام کی بے لوث خدمت میں، تمام اعلی عہدے داروں کے لئے نمونہ عمل قرار دیا ۔ اس سے قبل عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے نائب سربراہ ابوفدک المحمداوی نے بھی تقریر کی ۔ انہوں نے فلسطین، لبنان، شام اور یمن کے سلسلے میں سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی کی مجاہدتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی نے داعش اور امت اسلامیہ کے دیگر دشمنوں کے مقابلے کے لئے دن رات ایک کردیا تھا۔ المحمداوی نے کہا کہ امریکہ کے سابق مجرم صدر، صیہونی دشمن اور ان کے حامی جان لیں کہ انہیں اپنے جرم کی سزا بھگتنا ہوگی اور انہیں چین سے نہیں سونے دیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ رات بھی تہران کے امام حسین علیہ السلام اسکوائر اور ولیعصر اسکوائر پر وسیع عوامی اجتماعات تشکیل پائے جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے شہید جنرل قاسم سلیمانی، شہید جنرل ابو مہدی المہندس اور دیگر شہدائے استقامت کو نذرانہ عقیدت پیش کیا اور ان کے راستے نیز اصولوں پر گامزن رہنے کا عہد کیا۔
ایران کے کرمان شہر سے بھی موصولہ رپورٹوں کے مطابق گذشتہ کئی دن سے لاکھوں کی تعداد میں ایرانی شہری اور دیگر ممالک کے مہمان جوق در جوق شہید جنرل قاسم سلیمانی کے مزار پر جمع ہوئے اور سامراجی طاقتوں کے سامنے مزاحمت اور استقامت کی علامت بن جانے والی اس عظیم ہستی کو خراج عقید ت پیش کیا۔
آئی آر آئی بی کے نمائندے نے بتایا ہے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت و تحسین پیش کرنے والوں کی تعداد میں کمی نہیں آرہی ہے اور جلوسوں کی شکل میں عوام کے پہنچنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ اس موقع پر سیکڑوں موکب بھی لگائے گئے ہیں، جہاں ایرانی اور عراقی منتظمین شانہ بشانہ کھڑے ہوکر جنرل قاسم قاسم سلیمانی کے مزار پر پہنچنے والے عقیدت مندوں کو خدمات پیش کر رہے ہیں اور ان کی پذیرائی کر رہے ہیں۔