مکتب شہید سلیمانی بین الاقوامی کانفرنس
تہران میں مکتب شہید سلیمانی کے پہلے بین الاقوامی اجلاس کا آغاز ہوچکا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: دارالحکومت تہران میں بین الاقوامی کانفرنس سینٹر میں منعقدہ مکتب شہید سلیمانی بین الاقوامی اجلاس کی افتتاحیہ نشست سے ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی کے مکتب کی بنیاد امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات ہیں ۔ اسپیکر قالیباف نے شہید سلیمانی کو انقلاب کا معجزہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی سماجی، سیاسی، فوجی اور اخلاقی لحاظ سے نمونہ عمل اور ایک باوقار کمانڈر، بھائی، سپاہی اور مطیع ولی فقیہ تھے۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ شہید سلیمانی نے امت اسلامیہ کو طاقت اور وقار دیا اور جہاں کہیں بدامنی دیکھی اس کا پوری طاقت سے مقابلہ کیا ۔ اسپیکر قالیباف نے اپنی تقریر کے دوران اس بات پر زور دیا کہ شہید قاسم نے ہمیشہ اتحاد اسلامی اور عالم اسلام کی تقویت اور امت اسلامیہ کو طاقتور بنانے کے راستے میں قدم رکھا کیونکہ انہیں اس بات کا علم تھا کہ موجودہ دنیا میں طاقت کا ہی بول بالا ہوتا ہے۔
اس موقع پر مکتب شہید سلیمانی بین الاقوامی کانفرنس کے سیکریٹری حسین اکبری نے بتایا کہ اجلاس کے لئے پانچ مختلف زبانوں میں تین سو سے زیادہ مقالے موصول ہوئے ہیں اور بڑی تعداد میں غیرملکی مہمانوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ افتتاحی تقریر کے فورا بعد استقامت نام کا پینل تشکیل دیا گیا جس میں بڑی تعداد میں غیرملکی اور ایرانی مفکرین نے شرکت کی ۔ اس دو روزہ کانفرنس کے دوران انتظامی امور، مختلف مذاہب، سماجیات، خارجہ پالیسی، سیکورٹی اور دفاع، اسٹریٹیجک امور، میڈیا اور اخلاق کے شعبوں میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کے طریقہ کار کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔ یہ کانفرنس جمعرات کی شام کو اپنے اختتام کو پہنچے گی۔