شہید قاسم سلیمانی کی یاد میں مسجد جمکران تک ریلی
ایران کے شہر قم کے عوام نے سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی سے اپنی لگاؤ و انسیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسجد جمکران کے راستے میں گاڑیوں سے اور اسی طرح پیدل مارچ کیا اور اس طرح شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سحر نیوز/ ایران: ایران پریس نے رپورٹ دی ہے کہ شہر قم کے عوام نے سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تیسری برسی کے موقع پر مسجد جمکران تک ایسی حالت میں مارچ کیا کہ ان کے ہاتھوں شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس کی تصاویر موجود تھیں ۔ اس مارچ میں قم میں موجود غیر ملکی طلبا اور علما نے بھی شرکت کی ۔
مارچ میں شریک لوگوں نے سرداران محاذ استقامت کی تحریک جاری رکھنے کے عزم کا اعلان کیا، مارچ میں بچوں اور نوجوانوں کی تعداد بہت نمایاں تھی۔ مارچ کے شرکا نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کے علاوہ اہلبیت رسول کے ناموں کے پرچم بھی اپنے ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے۔
شہیدان قدس و استقامت جنرل قاسم سلیمانی اور جنرل ابومہدی المہندس کی یاد میں دارالحکومت تہران سمیت پورے ایران میں عظیم الشان اجتماعات، سیمیناروں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا ۔ سرداران محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی تیسری برسی کے موقع پر نائیجیریا کے عوام نے بھی امریکہ کے وحشیانہ جرم کی مذمت میں جلوس نکالا ۔ نائیجیریا کے عوام نے وسیع پیمانے پر نکالے جانے والے جلوس میں شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہنس اور آٹھ دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے میں امریکہ کے وحشیانہ جرم کی شدید مذمت کی۔
جلوس کےشرکا نے شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کی تصاویر اپنے ہاتھوں میں لے رکھی تھیں اور انھوں نے امریکہ کے پرچم کو نذر آتش کر کے اس سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کیا ۔ ابوجا میں شہید قدس و استقامت جنرل قاسم سلیمانی اور جنرل ابومہدی المہندس کی تیسری برسی کے پروگرام سے نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی نے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور ایران و عراق کی قوموں کو تعزیت پیش کی ۔
انھوں نے کہا کہ شہیدان قدس و استقامت جنرل قاسم سلیمانی اور جنرل ابومہدی المہندس کو شہید کر کے نہ صرف یہ کہ امریکہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوا بلکہ اسے شکست کے ساتھ ساتھ اس بنا پر رسوا بھی ہونا پڑا کہ ان شہدا کے افکار عالمی سطح پر فروغ پا رہے ہیں اور ان افکار کے اثرات کا عالمی سطح پر مشاہدہ کیا جا رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ شہیدان قدس و استقامت جنرل قاسم سلیمانی اور جنرل ابومہدی المہندس، اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے دنیا کی مسلمان قوموں اور حریت پسند اور بیدار ضمیر لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ کے لئے زندہ و جاوید ہو گئے اور محاذ استقات کی تحریک اس حقیقت کا بین ثبوت ہے۔