سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحری مشقوں کا آغاز؛ دشمنوں کے لئے ایک نیا سرپرائز
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کی مشقوں کا سلسلہ خلیج فارس، بحیرہ عمان اور آبنائے ہرمز میں شروع ہوگیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اس موقع پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری نے کہا کہ مشقوں کے پہلے دن مختلف نوعیت کے بحری کروز میزائیل، جنگی اور جاسوسی ڈرون طیاروں اور اسمارٹ آبدوزوں کو استعمال میں لایا گیا
سپاہ پاسداران انقلاب کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اہداف کو نشانہ بنایا گیا اور فرضی دشمن کے جہازوں پر کمانڈوز کو اتار کر انہیں فتح کیا گیا۔
ایڈمیرل علی رضا تنگسیری نے بتایا کہ عوامی رضاکار فورس کے دستے بھی ان بحری مشقوں میں شامل ہیں۔
اس دوران ایک ایسے ڈرون کی رونمائی ہوئی اور اسے بحریہ کی فضائی فلیٹ میں شامل کیا گیا جو بیک وقت میلوں دور دو الگ اہداف کو نشانہ بنا کر انہیں تباہ کرسکتا ہے۔
اس ڈرون طیارے اور اس کے میزائلوں کے بارے میں مزید معلومات کو خفیہ رکھا گیا ہے۔
ایڈمیرل علی رضا تنگسیری نے بتایا کہ مشقوں میں شامل تمام ہتھیار، جہاز، وسائل اور ٹیکنالوجی ایرانی نوجوانوں کے ہاتھوں ہی تیار کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب کی بحریہ اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے شانہ بشانہ ایران کی آبی حدود کی حفاظت کرتی رہے گی اور غیرعلاقائی طاقتوں کو بھی اس بات کا بخوبی علم ہے کہ کسی بھی مہم جوئی اور شرپسندانہ اقدام کی صورت میں ایران کی جانب سے دیا جانے والا جواب فیصلہ کن اور منہ توڑ ثابت ہوگا۔