روسی پارلیمنٹ ڈوما کے اسپیکر تہران پہنچ گئے
روسی پارلیمنٹ ڈوما کے اسپیکر اپنے وفد کے ہمراہ تہران پہنچے جہاں ائیرپورٹ پر ایرانی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر نے ان کا استقبال کیا۔
سحرنیوز/ ایران: مہرنیوزایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روسی پارلیمنٹ ڈوما کے اسپیکر ویاچسلاو ولودین اپنے وفد کے ہمراہ تہران پہنچے ہیں جہاں مہرآباد ائیرپورٹ پر ایرانی پارلیمنٹ کے نائب سربراہ علی نیکزاد ثمرین اور نیشنل سیکورٹی اورپارلیمنٹ کی خارجہ سیاست کے رکن ابراہیم رضائی نے ان کا استقبال کیا۔ نیک زاد نے روس کے وفد کے دورہ ایران پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں اورضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک کے تجارتی اوراقتصادی تعلقات میں بھی اضافہ کریں۔
روسی ڈوما کے اسپیکر ویاچسلاو ولودین نے بھی دونوں ممالک کے درمیان مثبت تعلقات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے علاوہ ہر میدان میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ روسی پارلیمنٹ ڈوما کا وفد تہران میں ہونے والے ایران روس پارلیمانی کمیشن کے تیسرے اجلاس میں شرکت کےلئے تہران کے دورے پر ہے۔