Jan ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۱ Asia/Tehran
  • ایران کی ریڈیو میڈیسن پیداوارمیں تیز رفتار اضافہ

ایران کے ایٹمی توانائی ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایرانی نوجوان سائنسدانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ریڈیو میڈیسن کی پیداوار میں قابل ذکر اضافہ کیا گیا ہے اور ایران اس تعلق سے دنیا کے برتر ملکوں میں شامل ہو گیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے پارس آئیسوٹوپ کمپنی کا دورہ اور وہاں تیار کی جانے والی مصنوعات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ایرانی ماہرین اور سائنسدانوں نے حالیہ برسوں کے دوران جوہری طبی وسائل و آلات کی تیاری اور ریڈیو میڈیسن بنانے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔

محمد اسلامی نے کہا کہ دشمنوں کی جانب سے پیدا کی جانے والی بڑی بڑی رکاوٹوں اور شدید ترین پابندیوں کے باوجود ایران کےنو جوان سائنسدانوں اور ماہرین کی صلاحیتوں کی بدولت پرامن ایٹمی میدان میں ملک کی ترقی و پیشرفت کا عمل بدستور جاری رہا ہے اور اس وقت ایران ریڈیو میڈیسن کی پیداوار میں دنیا کے برتر ملکوں میں شامل ہے۔

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ تشخیص کا عمل انجام دینے والی نیوکلیئیر دواؤں سمیت اہم اور موثر ترین دواؤں کی پیداوار میں مزید تیز رفتار اضافہ کیا جائے گا۔

محمد اسلامی نے کہا کہ ایران کا ایٹمی توانائی کا ادارہ ریڈیو میڈیسن کی پیداوار میں ملک کی تمام ضروریات کو پورا کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

ٹیگس