Jan ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۸:۴۱ Asia/Tehran
  •  ایران اور روس پابندیوں اور مختلف چیلنجوں کا مقابلہ کرنے پر کمربستہ

اسپیکر محمد باقر قالیباف نے تہران میں اپنے روسی ہم منصب کا استقبال کیا اس دوران دونوں اسپیکروں نے مشترکہ اسٹریٹیجک معاہدے پر جلد از جلد عملدرآمد پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے ایران اور روس کی پارلیمانوں کے مشترکہ کمیشن کی تیسری نشست کے موقع پر روسی پارلیمنٹ، ڈوما کے اسپیکر ویاچسلاو والودین سے ملاقات اور گفتگو کی۔

اسپیکر قالیباف نے اس موقع پر تہران اور ماسکو کے مابین ہونے والے پچیس سالہ اسٹریٹیجک معاہدے پر جلد از جلد عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے حکام اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ دو طرفہ تعلقات، قومی، علاقائی اور عالمی لحاظ سے ایک حساس مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔

روسی پارلیمنٹ ڈوما کے اسپیکر ویاچسلاو والودین نے بھی کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات، ترقی کی راہ پر گامزن ہیں جس کا منہ بولتا ثبوت دونوں ممالک کے صدور کے مابین رابطوں کا تسلسل ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران اور روس کو مدتوں سے پابندیوں اور مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے تاہم ان خطروں کو کبھی بھی تعلقات میں توسیع کے سامنے رکاوٹ نہیں سمجھا گیا ہے۔

روسی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ امریکہ ان پابندیوں کے ذریعے پوری دنیا پر اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتا ہے لیکن واشنگٹن کو جان لینا چاہئے کہ ہم اپنی خودمختاری کا دفاع کرتے رہیں گے اور اپنی تقدیر کا فیصلہ کسی اور کو نہیں کرنے دیں گے۔

ڈوما کے اسپیکر نے زور دیکر کہا کہ امریکیوں کو دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت کی لت لگ گئی ہے اور وہ دنیا بھر کی دولت لوٹ کر اپنی ثروت بڑھانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین بھی امریکی پالیسیوں کی پیرو ہے۔ والودین نے کہا کہ امریکیوں سے وابستگی کے نتیجے میں یورپی ممالک اپنی ضرورت کا ایندھن، بہت زیادہ قیمت میں دوسرے ممالک سے خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ ملاقات ایران اور روس کے تیسری مشترکہ پارلیمانی کمیشن کے اجلاس کے موقع پر ہوئی ہے۔

ٹیگس