فلسطین کی حمایت جاری رہے گی: وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایران کی جانب سے فلسطینی قوم کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے پیر کی صبح کو تحریک مزاحمت حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ سے ٹیلی فون پر الگ الگ گفتگو کی اور جنین پر صیہونی فوجیوں کے بہیمانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
وزیر خارجہ نے مزاحمتی تحریکوں کے سربراہوں سے گفتگو کے دوران فلسطینی شہیدوں اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور زور دیکر کہا کہ ایران ہر حال میں ملت فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ نے بھی فلسطین کی دلیر قوم کی حمایتوں کی خاطر اسلامی جمہوریہ ایران کے عزم و ارادے کی قدردانی کی۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ نے بھی حسین امیرعبداللہیان سے کہا کہ فلسطین کو اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم نے صیہونیوں اور ان کے اسلام دشمن اقدامات کے سامنے ڈٹے رہنے اور ان کا مقابلہ کرنے کا عزم کرلیا ہے اور اس راستے سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔