ایرانی قوم نے ہمیشہ دشمنوں کو مایوس کیا، صدر مملکت
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے مختلف میدانوں میں عوام کی موجودگی کو ایران کے دشمنوں میں ناامیدی و مایوسی کا باعث قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کو عشرہ فجرکی تقریبات کا اہتمام کرنے والی مرکزی کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے بابصیرت اور باشعور عوام نے مختلف میدانوں منجملہ تیرہ آبان مطابق چار نومبر کے واقعے کی مناسبت سے منعقدہ تقریبات میں شرکت کر کے جو اس سال گذشتہ برسوں کے مقابلے میں بہت زیادہ پرجوش تھیں اس بات کو ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے ملک کے انقلاب اور نظام کے دفاع میں ہمیشہ تیار رہتے ہیں ۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران کے حالیہ واقعات اور دشمنوں کی فتنہ انگیزی کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی کا تجزیہ و تحلیل سازشوں کو ناکام بنانے میں نہایت موثر واقع ہوئی ہے۔ انھوں نے اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کے تمام تر دباؤ کے باوجود ملک مسلسل ترقی کرتا رہا جبکہ غیر قانونی و ظالمانہ پابندیوں کو ختم کرانے کے لئے مذاکرات میں ایران نے عزت و وقار کے ساتھ شمولیت اختیار کی اور دشمن کی کوئی بھی چال کامیاب نہیں ہونے دی ۔
صدر مملکت نے خارجہ تعلقات اور اقتصادی شعبے میں بھی اپنی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی اور علاقے کے ملکوں کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو پہلے سے زیادہ فروغ دے کر پابندیوں کو ناکام بنایا ہے۔