Feb ۰۸, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۰ Asia/Tehran
  • ایران کی قومی سلامتی کے سربراہ کی روسی صدر کے معاون سے ملاقات

ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی شمخانی نے روسی صدر ولادیمیر پوتین کے معاون ایگور لویتین سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

سحر نیوز ایران: ارنا نیوز کے مطابق علی شمخانی جو گزشتہ روز علاقائی سکیورٹی کے پانچویں اجلاس میں شرکت کے لئے ماسکو پہنچے تھے، روسی صدر کے معاون سے ملے۔

انہوں نے اس ملاقات میں امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کے غیر مؤثر ہونے میں تہران ماسکو معاہدے کے نقطہ اشتراک کا ذکر کرتے ہوئے اس حوالے سے اصولی طور طریقے اپنانے پر زور دیا۔

علی شمخانی نے تمام شعبوں بالخصوص اقتصادی شعبے میں ایران و روس کے روز افزوں تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے سربراہوں کے مابین طے پانے والے معاہدوں کی روشنی میں مشترکہ اقتصادی منصوبوں کے نفاذ کو بڑا اہم قدم قرار دیا۔ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے اسی طرح شمال جنوب کوریڈور کے منصوبے کو تیز رفتاری سے پایۂ تکمیل تک پہنچانے لئے مشترکہ کوششوں کا ذکر کیا اور رشت آستارا ریلوے لائن کو علاقے میں اسٹریٹیجک تبدیلی کا باعث بتایا۔

اس ملاقات میں روسی صدر کے معاون نے بھی اپنے حالیہ دورۂ ایران کا ذکر کرتے ہوئے اُسے دونوں ممالک کے مابین طے شدہ معاہدوں بالخصوص رشت آستارا ریلوے لائن پروجیکٹ کے نفاذ میں ماسکو کی سنجیدگی کی علامت گردانا۔

ایگور لویتین نے ایران و روس کے مابین مختلف شعبوں بالخصوص انرجی اور ٹرانزٹ کے شعبے میں مشترکہ تعاون کو امریکی پابندیوں کو غیر مؤثر بنانے کی راہ میں بڑا اہم قدم قرار دیا۔

ٹیگس