ملکوں کی مشکلات کی بڑی وجہ تسلط پسند طاقتوں کی خودسرانہ پالیسیاں ہیں: صدر رئیسی
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ مختلف ملکوں کی زیادہ تر مشکلات اغیار کے تسلط اور خودسرانہ پالیسیوں اور اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہیں۔
سحرنیوز/ایران: صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے تہران میں غیر ملکی سفرا اور نمائندہ دفاتر کے سربراہوں کے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ دیگر ملکوں کے مفادات کو نظرانداز کرکے تسلط پسندی اور خودسری کی پالیسی عالمی اعتماد میں کمی اور خونریزی و جنگ کی آگ کے شعلے بھڑک اٹھنے کا باعث بنی ہے۔
انھوں نے ایران کے اسلامی انقلاب کے وقوع پذیر ہونے کے بارے میں بھی کہا کہ عشروں کی بیرونی مداخلت، بغاوت اور درخشاں تہذیب و ثقافت کی حامل ایرانی قوم کی شاہی حکومت کے ہاتھوں تحقیر یہ ساری چیزیں ظالم شاہی حکومت کے خلاف ایرانی قوم کے تاریخی قیام اور انقلاب کا باعث بنی۔
صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران میں حالیہ بلوؤں کے دوران امریکہ اور تین یورپی ملکوں نے ایران کے حالات اور خواتین کی صورت حال کے بارے میں غلط اطلاعات کی بنیاد پر ایران کے اسلامی جمہوری نظام کا چہرہ بگاڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی لیکن یہ ساری کوششیں بری طرح ناکام ہوگئیں اور آئندہ بھی ناکام ہوتی رہیں گی۔