جوہری توانائی کی ایجنسی سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ ہو: ایران
ایران کے جوہری ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے کہا ہے کہ جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کو چاہئیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے اور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہ دے کہ وہ اس عالمی ادارے کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر سکے.
سحر نیوز/ ایران: بلومبرگ نیوز ایجنسی نے ایک خبر میں دعوی کیا ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں نے گزشتہ ہفتے ایران میں چوراسی فیصد افزودہ یورینیم کا پتہ لگایا ہے۔
اس سلسلے میں ایران کے جوہری ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے ارنا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بلومبرگ کے دعوے کے بارے میں کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی کی ایجنسی کا ایران پر دباؤ ڈالنے کے لیے سیاسی ہتھیار کے طور پر غلط استعمال جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلومبرگ میں شائع ہونے والا مواد حقائق کو مسخ کرنے کے مقصد سے کیا گیا تھا اور آئی اے ای اے نے جس مسئلے پر ایران سے بات چیت کی وہ پروڈکٹ کی جگہ پر ساٹھ فیصد سے زیادہ افزودگی کے ساتھ یورینیم کے ذرات کی موجودگی کے حوالے سے نمونے لینے سے متعلق ہے جو کہ ایک عام بات ہے۔
ایرانی جوہری ادارے کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ افزودگی کے عمل میں ساٹھ فیصد سے زیادہ یورینیم کے ذرات کی موجودگی کا مطلب ساٹھ فیصد سے زیادہ افزودگی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ساٹھ فیصد سے زیادہ یورینیم افزودہ کرنے کی کوشش نہیں کی۔
بہروز کمالوندی نے کہا کہ اسرائیل اور سامراجی ممالک جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی سے غلط فائدہ اٹھانے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔