Feb ۲۷, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۵ Asia/Tehran
  • ایران و عراق کی سرحد دوستی اور تعاون کی سرحد ہے: صدر ایران

عراق اپنی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہ دے،یہ بات ایران کے صدر نے عراقی وزیر دفاع کے ساتھ ہوئی ملاقات کے دوران کہی۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے عراق کے وزیر دفاع ثابت محمد سعید رضا العباسی کے ساتھ ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ عراق کی سرزمین اپنے پڑوسیوں کے خلاف سازشوں یا خطروں کی سرزمین نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس ملک کی اقتصادی اور فوجی تعمیر نو کے لیے عراقی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

سید ابراہیم رئیسی نے اس ملاقات میں ایران اور عراق کی سرحدوں کو دوستی اور تعاون کی سرحدیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق کی  سلامتی اور استحکام کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے اور اس ملک کی سلامتی کو مضبوط بنانے کی حمایت کرتا ہے۔

اس ملاقات میں عراق کے وزیر دفاع ثابت محمد سعید رضا العباسی نے بھی بیرونی جارحیت اور ان کے آلہ کار داعش کے کارندوں کے خلاف عراقی قوم کے لئے ایران کی مکمل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بغداد موقع پرست عناصر کو دونوں ممالک کی سرزمین کیلئے خطرہ بننے اور سرحدوں کو غیر محفوظ بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے مشکل وقت میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے عراقی حکومت اور قوم کیلئے ہمہ جہتی اور بے دریغ حمایت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے عراق کی تعمیر نو میں تہران کی حمایت کو جاری رکھنے کی درخواست کی۔

ٹیگس