Mar ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۱:۲۲ Asia/Tehran
  • تہران - ریاض معاہدے کے حوالے سے ایران کی وزارت خارجہ نے بیان جاری کیا

سفارتی تعلقات کی بحالی کے حوالے سے تہران و ریاض کے مابین طے پانے والے معاہدے کے سلسلے میں ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی خارجہ پالیسی کے شعبے میں متوازن خارجہ پالیسی کے نفاذ، متحرک سفارتکاری، درایت و حکمت پر مبنی تعاون اور ہمسایہ ممالک کے سلسلے میں اپنی پالیسی کو عملی شکل دینے اور اس حوالے سے ماضی میں ہوئے اقدامات کی تکمیل کرتے ہوئے ایک اور اہم قدم اٹھایا اور سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو معمول کے راستے پر لانے کے لئے بیجنگ معاہدہ انجام دیا۔

بیان میں مزید آیا ہے کہ اس اقدام سے ایران نے یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ وہ اپنے اور علاقے کے مسلم، دوست اور ہمسایہ ممالک کے عوام کے مفادات کے تحفظ اور اسی طرح خطے میں وسیع پیمانے پر صلح و آشتی کے قیام کے مقصد سے علاقائی گنجائشوں کو استعمال کرنے میں سنجیدہ عزم کا حامل ہے اور اس راہ میں اُس نے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔

بیان میں تہران ریاض معاہدے کے محقق ہونے میں عراق، عمان اور چین کے تعمیری کردار کی قدردانی بھی کی گئی ہے اور ساتھ ہی یہ اطمینان ظاہر کیا گیا ہے کہ اس معاہدے سے ایران اور سعودی عرب کی اقوام کے ساتھ ساتھ دیگر علاقائی اقوام کے مشترکہ مفادات کے حصول میں بھی مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

خیال رہے کہ ایران اور سعودی عرب نے جمعے کے روز چین کی ثالثی میں سات سال کی بے رخی کے بعد اپنے سفارتی تعلقات کی بحالی کے ایک معاہدے پر بیجنگ شہر میں دستخط کر دئے۔ اس معاہدے کے مطابق طے یہ پایا ہے کہ ایران و سعودی عرب کے وزرائے خارجہ آئندہ دو ماہ کے اندر اندر ایک دوسرے سے ملاقات کر کے اپنے اپنے سفیروں کی تعیناتی، سفارتخانوں کی بحالی اور ان سے جڑے دیگر مسائل کی زمین ہموار کر دیں گے۔

ٹیگس