Mar ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۵ Asia/Tehran
  • ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں فروغ، ایران کی اصولی پالیسی: صدر رئیسی

صدر مملکت نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں فروغ کو ایران کی اولین ترجیحات میں قرار دیا۔

سحر نیوز/ ایران:  اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے اتوار کے روز ازبکستان کی وزارت خارجہ کے سرپرست بختیار سعیداف سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات کو تاریخی قرار دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے تہران اور تاشقند کے مابین رابطوں کو بڑھانے پر بھی زور دیا ۔ 

صدر سید ابراہیم رئیسی نے اپنے حالیہ دورہ ازبکستان کا ذکر کرتے ہوئے، ثقافت، اقتصاد، تجارت، ٹرانزٹ اور زراعت کے شعبوں کے وزیروں سے تہران اور تاشقند کے درمیان کئے جانے والے معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر ازبکستان کی وزارت خارجہ کے سرپرست بختیار سعید اف نے کہا کہ تاشقند بھی تہران کے ساتھ رابطوں کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے دورہ سمرقند سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کا ایک نیا باب کھل گیا۔ بختیار سعیداف نے یہ بھی بتایا کہ معاہدے کے مطابق، مشترکہ اقتصادی کمیشن کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور ازبکستان مشترکہ مواقع سے استفادہ کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ ایران اور ازبکستان کی تجارت کا حجم تینتالیس کروڑ ہے جس میں گذشتہ سال کے مقابلے میں تہتّر فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ٹیگس