شہید قاسم سلیمانی دہشت گردی کے خلاف مہم اور علاقے میں قیام امن کے ہیرو تھے
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی اسلامی ملکوں اور مسلم قوموں کے درمیان اخوت اور امن و آشتی کے مکمل معمار تھے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ٹوئٹ کیا ہے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نہ صرف دہشت گردی کے خلاف مہم اور علاقے میں قیام امن کے ہیرو تھے بلکہ اسلامی ملکوں اور اور مسلم قوموں کے درمیان اخوت اور امن و آشتی کے مکمل معمار بھی تھے۔
انھوں نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی دور اندیش اور حقیقی دشمنوں کو بخوبی پہچانتے تھے۔ ناصر کنعانی نے کہا کہ تہران اور ریاض کے درمیان بغداد کی سہولت کاری جنرل قاسم سلیمانی کے اسٹریٹیجک نقطہ نظر کے زیر اثر تھی۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب نے مہینوں کے مذاکرات کے بعد دو طرفہ تعلقات کی بحالی اور دونوں ملکوں میں اپنے اپنے سفارت خانے کھولنے کے بارے میں ایک سمجھوتہ کیا ہے۔
بیجنگ میں تہران ریاض مذاکرات میں گیارہ مارچ کو سات برسوں کے بعد سفارتی تعلقات کی بحالی کے بارے میں سمجھوتہ کیا گیا۔
دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کے تحت ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ ایک دوسرے سے ملاقات کرکے باہمی تعلقات کی بحالی، سفیروں کے تبادلے اور دیگر معاملات طے کریں گے۔
واضح رہے کہ ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس اور ان کے آٹھ دیگر ساتھی امریکہ کے اس وقت کے صدر ٹرمپ کے فرمان سے وائٹ ہاؤس کے دہشت گردانہ اقدام کے نتیجے میں تین جنوری دو ہزار بیس کو بغداد ایرپورٹ کے قریب شہید ہو گئے تھے۔