Apr ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • شام میں ایرانی شہید افسروں کا بدلہ ضرور لیا جائے گا: وزارت خارجہ

شام پر صیہونی فوج کے فضائی حملے میں شہید ہونے والے ایران کے دو فوجی مشیروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ایک باضابطہ بیان میں لکھا ہے کہ دمشق کے مضافات پر صیہونیوں کے بزدلانہ حملے میں ایران کے دو فوجی مشیروں کی شہادت، اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ایرانی عوام نے تکفیری دہشت گردی اور اس کے صیہونی حامیوں کے مقابلے میں ذمہ داری اور شجاعت کے ساتھ مجاہدت کا مظاہرہ کیا ہے۔ 

انہوں نے شام کے خلاف صیہونیوں کے مسلسل حملوں کو اس ملک کی ارضی سالمیت اور خودمختاری پر دراندازی قرار دیا ہے ۔ انہوں نے لکھا کہ صیہونی حکومت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کررہی ہے اور دہشت گردی کو تقویت پہنچا رہی ہے۔ 

ترجمان وزارت خارجہ نے اس بیان میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ان شہید جوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے ان شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور اسلامی جمہوریہ ایران قانونی اور عدالتی کارروائی کے ساتھ ساتھ، مناسب وقت اور جگہ پر ان حملوں کا جواب ضرور دے گا۔ 

قابل ذکر ہے کہ جمعے کی صبح کو صیہونی فوج نے دمشق کے مضافات پر میزائلی حملہ کیا جس کے نتیجے میں شام کی درخواست پر دمشق میں موجود ایران کے دو فوجی افسر، میجر میلاد حیدری اور کیپٹن مقداد مہقانی نے جام شہادت نوش کیا ۔  یہ حملے صیہونی جیٹ فائٹروں کے ذریعے کئے گئے تھے۔

ٹیگس