ایران کی جانب سے مسجد الاقصیٰ پر صیہونیوں کی چڑھائی کی شدید مذمت
مسجد الاقصیٰ کے اندر موجود نمازیوں اور اعتکاف گزاروں پر غاصب صیہونی فوجیوں کے بہیمانہ حملہ نے ایک بار پھر اسکی مجرمانہ اور انسانی حقوق مخالف ماہیت کو آشکار کر دیا ہے۔ یہ بات ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہی۔
سحر نیوز/ ایران: ناجائز صیہونی حکومت کے فوجیوں نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب مسجد الاقصیٰ کے القبلیٰ مصلے پر دھاوا بولا اور وہاں سے ماہ رمضان کے پیش نظر اعتکاف اور عبادت میں مصروف متعدد فلسطینیوں کو اٹھا لے گئے۔
صیہونی فوجیوں کے انتہاپسندانہ اقدام پر ردعمل میں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک ٹویٹ میں مسجد الاقصیٰ پر صیہونی فوجیوں کی چڑھائی کی سخت مذمت کی اور عالم اسلام، حریت پسندوں اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ صیہونیوں کے اس مجرمانہ اقدام پر فوری ردعمل ظاہر کریں۔
ایران کے ترجمان وزارت خارجہ نے دوسری جانب اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی ایران مخالف قرار داد کو بھی مسترد کر دیا اور انسانی حقوق کے معاملے میں آشکارا طور پر سیاسی اغراض و مقاصد کو دخیل کرنے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے میکینزم کو دیگر ممالک کے خلاف سیاسی اہداف کے تحت استعمال کرنے کو ایک بری عادت سے تعبیر کیا اور کہا بعض مغربی طاقتوں کی یہ عادت اس کونسل کے اعتبار کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے منگل کے روز برطانیہ اور آئسلینڈ کی تجویز پر آٹھ مخالف اور سولہ نیوٹرل ووٹوں کے مقابلے میں تیئس ووٹوں سے ایک ایران مخالف قرارداد منظور کی ہے۔