اس سال یوم القدس کی ریلیوں میں عوام کا جوش و جذبہ دیکھنے سے تعلق رکھے گا: صدر رئیسی
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ جمعۃ الوداع کو پورا ایران، مسجد الاقصی کی آزادی کے نعروں سے گونج اٹھے گا۔
سحر نیوز/ ایران: صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے گذشتہ رات بانی انقلاب اسلامی کے مزار پر حاضر ہونے والی نمازیوں کے شاندار اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں جمعۃ الوداع کو یوم القدس قرار دیا تا کہ عالم اسلام مسئلہ فلسطین اور مسجد الاقصی کی اہمیت سے آشنا ہوسکے۔
صدر رئیسی نے زور دیکر کہا کہ ایرانی عوام اس بار یوم القدس کو ایک بار پھر پورے جوش و جذبے اور طاقت کے ساتھ مسجد الاقصی کی آزادی کے لئے آواز اٹھائیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس وقت عالمی سامراج ایرانوفوبیا، اسلاموفوبیا اور شیعہ فوبیا کا حربہ اپنائے ہوئے جس کے مقابلے کے لئے ضروری ہے کہ علما اور اساتذہ، دینی مدارس اور یونیورسٹی طلبا اور اسی طرح ملک کے برگزیدہ افراد نوجوانوں کے سامنے حالات کی تشریح کرتے ہوئے انہیں زیادہ سے زیادہ عالمی حقیقت سے روشناس کرائیں۔
دریں اثنا وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان نے بھی یوم القدس کے موقع پر مختلف عالمی اداروں کے سربراہان، من جملہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش اور او آئی سی کے سربراہ حسین ابراہیم طہ کو خط لکھ کر فلسطین کی موجودہ صورتحال کی جانب سے تشویش ظاہر کی اور صیہونی حکومت کے بڑھتے مظالم کی جانب سے پریشانی کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے اس خط میں لکھا ہے کہ صیہونی حکومت یوکرین کی جنگ کی جانب دنیا بھر کی نگاہ اور عالمی اداروں اور انسانی حقوق کے جھوٹے دعوے داروں کی خاموشی اور بے عملی کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے فلسطینی عوام پر مظالم ڈھائے ہوئے ہے، جسے روکنے کے لئے عالمی برادری اور اسلامی ممالک کے فوری اور موثر اقدام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اپنے ان مراسلوں میں صیہونیوں کی بربریت کی فوری روک تھام اور اسی طرح اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں فلسطین کی موجودہ صورتحال کا فوری جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔
امیرعبداللہیان نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سربراہان کو اپنے خط میں لکھا ہے کہ علاقے میں منصفانہ قیام امن اسی صورت میں قائم ہوسکتا ہے جب فلسطین پر غیرقانونی قبضہ مکمل طور پر ختم، تمام فلسطینیوں کی وطن واپسی کا راستہ ہموار اور طرز حکومت کے تعین کے لئے تمام فلسطینیوں کی شرکت سے ایک آزاد ریفرنڈم کا انعقاد کیا جائے۔
وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے اس مراسلے میں اعلان کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، فلسطین کے مظلوم اور بے دفاع عوام کی حمایت کے لئے تمام دوست اور مسلم ممالک کے ساتھ تعاون کرنے کی مکمل آمادگی رکھتا ہے۔