ایران پوری دنیا کی استقامتی تنظیموں کا سب سے بڑا حامی: اسپیکر قالیباف
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اس سال کے عالمی یوم القدس میں ایرانی عوام کی شرکت کو تاریخی اور فلسطینی مجاہدوں کی حوصلہ افزائی کا باعث قرار دیا۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اتوار کو پارلیمنٹ کے سیشن کے دوران کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دیکر ظلم اور سامراج کے سامنے استقامت کا ایک نیا باب کھول دیا جس سے فلسطینی مجاہدوں کے حوصلے بلند ہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے اس سال کے حالات کے پیش نظر ایرانی عوام نے بیداری کا بھرپور ثبوت دیتے ہوئے یوم القدس کی ریلیوں میں شرکت کر کے ایک نئی تاریخ رقم کردی ۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس کو ایران کے بڑے اور چھوٹے شہروں سے لیکر دیہی علاقوں تک ایرانی عوام نے فلسطینیوں کے ساتھ اتحاد کا ایک شاندار جلوہ پیش کیا ۔ اسپیکر قالیباف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات اور شجاع عوام کی حمایت میں دنیا بھر کی استقامتی تنظیموں کی ڈٹ کر حمایت کرتا رہے گا۔