ایران میں ایک ٹن منشیات برآمد، متعدد اسمگلر گرفتار
ایران کے سرحدی صوبے، سیستان و بلوچستان میں اسمگلروں سے ایک ٹن سے زیادہ منشیات بر آمد ہوا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے سرحدی صوبے سیستان و بلوچستان کے پولیس کمانڈر جنرل دوست علی جلیلیان نے اعلان کیا ہے کہ پولیس نے مصدقہ اطلاعات اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک برق رفتار کارروائی کی جس کے دوران منشیات کے آٹھ بڑے اسمگلروں کو گرفتار اور ان کی گاڑیوں سے ایک ہزار تیس کلو افیون برآمد کیا ۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان اسمگلروں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ڈرگ اسمگلنگ اور افیونی مادوں کی غیرقانونی تجارت کے مقابلے کے صف اول میں کھڑا ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ منشیات کا انکشاف ایران کی سرحدوں پر ہی کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران کی مسلح افواج ہر سال ایک ہزار ٹن سے زیادہ منشیات اسمگلروں سے برآمد کرتی ہیں ۔ دنیا میں اس سیاہ تجارت کو روکنے کی راہ میں اب تک، ایران کے بارہ ہزار سپاہی اور افسر شہید اور زخمی ہوچکے ہیں ۔ اقوام متحدہ نے بھی ایران کو منشیات کی اسگلمنگ کے مقابلے کا علمبردار ملک قرار دیا ہے۔