May ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۴۶ Asia/Tehran
  • علاقے میں استقامتی محاذ کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے، جنرل قاآنی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاآنی نے کہا ہے کہ محاذ استقامت علاقے میں ایک محاذ کی حیثیت سے مسلسل وسیع تر ہوتا جا رہا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاآنی نے ایران کے مقدس شہر مشہد میں شہدا کے اہل خانہ کے اجتماع سے خطاب اور شہدائے فاطمیون کی قدردانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاطمیون کے شہدا مہاجر اور مجاہد دونوں ہیں اور افغانستان کے مظلوم عوام ہمیشہ اسلام کے مدافع رہے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ استقامت نہ صرف انقلاب دوستوں کی نظر میں بلکہ دشمنوں کے اعتراف کی بنیاد پر بھی کامیابی کا وسیلہ ہے اور شہدائے مدافع حرم کی وجہ سے استقامت نے دوبارہ اپنا مفہوم حاصل کیا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رح کی یہ آرزو کہ پورے عالم اسلام میں عوامی رضاکار فورس کا پھیلاؤ ہونا چاہئے لبنان، یمن اور شام میں وسیع تر ہوتے محاذ استقامت کی بدولت پوری ہوئی ہے۔

جنرل قاآنی نے محاذ استقامت کی بڑھتی توانائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے بعض دھڑے غرب اردن کے علاقوں میں روزانہ تیس سے زائد کارروائیاں انجام دے رہے ہیں جس سے غاصب صیہونی حکومت تلملا اٹھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ صیہونی حکام محاذ استقامت کے مقابلے میں بالکل بے بس و ناتواں نظر آ رہے ہیں اور استقامت کی مسلسل کامیابیوں کا بخوبی مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس