May ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۴:۳۶ Asia/Tehran
  •  ایران اور پاکستان کی بینکنگ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تاکید

ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے غیرسوئفٹ مالیاتی نظام، بینک پیمنٹ کارڈز کو جوڑنے اور منسلک کرنے اور دو طرفہ بینکنگ معاہدوں پرعمل درآمد کی مشترکہ کمیٹی کی تشکیل کے سلسلے میں ایران اور پاکستان کے مرکزی بینکوں کے تعاون پر زور دیا۔

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ محمد رضا فرزین نے بدھ کے روز گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سے ایشین کلیئرنگ یونین اے سی یو کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی جس میں انھوں نے دونوں ملکوں کے بینکنگ تعلقات میں غیرسوئفٹ مالی سسٹم کے قیام اور استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے قائم کیے جانے والے مالی سسٹم سوئفٹ سسٹم کا متبادل بن سکتے ہیں اور دونوں ملکوں کے مالی اور بینکنگ لین دین میں بہت مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

محمد رضا فرزین نے ایشین کلیئرنگ یونین، ایکو اور عالمی بینک اور عالمی مالیاتی فنڈ کے مشترکہ گروپ سمیت مشترکہ بین الاقوامی بینکنگ اداروں میں ایران اور پاکستان کی رکنیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے بینکنگ تعلقات میں زیادہ سے زیادہ فروغ اور ایران اور پاکستان کے مرکزی بینکوں کے نائب صدور کی سربراہی میں ایک ورکنگ گروپ کی تشکیل پر زور دیا۔

گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے بھی ایران کے ساتھ بینکنگ تعلقات میں فروغ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ بینکنگ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے آمادگی رکھتا ہے۔

ایشین کلیئرنگ یونین کا اکاونواں اجلاس ایران کے نائب صدر محمد مخبر اور مرکزی بینک کے صدر محمد رضا فرزین کی موجودگی میں تہران میں شروع ہوا۔

اس اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہ جو اس یونین کے صدر تھے، اجلاس کی صدارت محمد رضا فرزین کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ ایشین کلیئرنگ یونین نئے نظریات پیش کر سکتی ہیں تاکہ ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کے لیے حالات آسان بنائے جائیں۔

ایشین کلیئرنگ یونین اے سی یو کا اجلاس ہر سال کسی ایک رکن ملک میں منعقد ہوتا ہے۔

اس اجلاس کا اصلی محور تجارت میں ڈالر کے کردار کو کم کرنا ہے۔

ٹیگس