May ۲۹, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۲ Asia/Tehran
  • رجب طیب اردوغان ایک بار پھر صدر منتخب، صدر ایران کی مبارکباد

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان ایک بار پھر اپنے حریف کو ہرا کر اپنی حکمرانی کی تیسری دہائی میں قدم رکھنے اور دوہزار اٹھائس تک مسند صدارت پر قبضہ جمانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

سحر نیوز/عالم اسلام: غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر نے دوسرے مرحلے کے صدارتی انتخابات میں اپنے حریف کمال قلیچدار اوغلو کو تقریباً پانچ فیصد ووٹوں سے شکست دی۔

اس بار رجب طیب اردوغان کا اپنے حریف کے ساتھ سخت مقابلہ تھا جہاں پہلے مرحلے میں ان کے حریف کمال قلیچدار اوغلو چوالیس فیصد سے زائد عوامی ووٹ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے تھے جبکہ رجب طیب اردوغان کو انچاس اعشاریہ پانچ ایک فیصد عوام نے ووٹ دیا جس کے بعد صدر کے انتخاب کا معاملہ دوسرے مرحلے تک پہنچ گیا۔

دو دہائیوں سے ترکیہ کی مسند اقتدار پر فائز رجب طیب اردوغان نے اس بار دوسرے مرحلے میں عہدہ صدارت کے لئے درکار پچاس فیصد ووٹوں کا کورم پورا کیا اور باون اعشاریہ ایک چار فیصد ووٹ حاصل کر کے اپنے سخت حریف کو ہرانے میں کامیاب ہو گئے۔ کمال قلیچدار اوغلو نے سینتالیس اعشاریہ آٹھ چھے فیصد عوامی ووٹوں کو اپنے نام کیا۔

اردوغان نے انتخابات میں کامیابی کے بعد استنبول شہر میں ایک بڑے جشن میں حاضر ہوکر عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک بار پھر ان پر بھروسہ کر کے ملک کی باگ ڈور ان کے حوالے کی ہے۔

اس بڑی کامیابی پر ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے پیغام ارسال کر کے رجب طیب اردوغان کو مبارکباد پیش کی ہے اور انتخابات میں ان کی فتح کو ترک عوام کے ان پر بھرپور اعتماد کا ثبوت قرار دیا ہے۔

اسکے علاہ پاکستان روس اور تاجیکستان سمیت مختلف عالمی رہنماؤں نے بھی ترک صدر کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

ٹیگس