May ۳۱, ۲۰۲۳ ۱۰:۴۴ Asia/Tehran
  • مصر نے ایران کے ساتھ تعلقات کی مکمل بحالی کا خیر مقدم کیا

مصر کے حکام نے ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا خیر مقدم کیا ہے ۔

سحر نیوز/عالم اسلام: مصر کے سابق وزیر خارجہ نے اخبار الشرق‌ الاوسط کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ قاہرہ، مصر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے ایران کے مثبت اشارے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ 

مصر کے سابق وزیر خارجہ نبیل فہمی نے کہا کہ قاہرہ کی تہران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کی خواہش کے بارے میں حالیہ بیان ایک اصولی موقف ہے اور دونوں فریق تعلقات کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

نبیل فہمی نے کہا کہ ان کے ایرانی حکام کے ساتھ گزشتہ برسوں کے دوران رابطے رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام نے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر تبادلۂ خیال کیا اور اس کی حمایت کی۔

مصر کے سابق وزیر خارجہ نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے اور عمانی رہنماؤں کے قاہرہ اور تہران کے دورے کو، مصر اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی پر بات چیت کا پیش خیمہ قرار دیا۔

مصر اور ایران کے تعلقات حالیہ دہائیوں میں اکثر کشیدہ رہے ہیں، تاہم دونوں ممالک نے سفارتی رابطے برقرار رکھے ہوئے تھے۔

دسمبر2022 میں ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السوڈانی کی طرف سے قاہرہ اور تہران کے درمیان مذاکرات شروع کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کیا تھا۔

امیر عبداللہیان نے اپنے دورۂ اردن میں کہا تھا کہ عراق کے وزیر اعظم نے ایران اور مصر کے درمیان سیکورٹی اور سیاسی سطح پر مذاکرات شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جو دونوں قوموں کے درمیان تعلقات کی بہتری کا باعث بنے گا۔

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن فدا حسین مالکی نے حال ہی میں خبر دی تھی کہ عراق میں ایران اور مصر کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور مستقبل قریب میں دوطرفہ تعلقات بحال ہو جائیں گے۔

ٹیگس