Jul ۰۶, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۸ Asia/Tehran
  • ایران میں 10 کلو میٹر طویل غدیری دسترخوان

غدیری دسترخوان کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ عوام کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے احتمال دیا جارہا ہے کہ تقریبا 30 لاکھ افراد غدیری دسترخوان کے مہمان ہوں گے اور غدیری مارچ میں شرکت کریں گے۔

سحر نیوز/ ایران: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کل بروز جمعہ تہران میں عوام کی پذیرائی کیلئے10 کلومیٹرغدیری دسترخوان کے سیکریٹری جنرل ساسان زارع نے میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ثواب اور معنوی فیوضات کے علاوہ اس پروگرام کے کچھ دیگر اہداف بھی ہیں۔ آج دشمن ایرانی عوام کے اندر مایوسی پھیلانے کی سازش کررہے ہیں۔ اس پروگرام کے توسط سے عوام کے دلوں میں امید اور اتحاد کا شمع روشن ہوجائے گا۔

ساسان زارع نے کہا کہ دس کلومیٹرغدیری دسترخوان کا مرکزی پروگرام تہران کے امام حسین اسکوائر سے آزادی اسکوائر تک منعقد ہو گا جس میں ایک ہزار 300 سبیلیں لگائی جائیں گی۔

 انہوں نے کہا کہ عوام کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے احتمال دیا جارہا ہے کہ تقریبا 30 لاکھ افراد غدیری دسترخوان کے مہمان ہوں گے اور غدیری مارچ میں شرکت کریں گے۔

ساسان زارع نے کہا کہ چونکہ اس دسترخوان کے مہمان اور میزبان دونوں عوام ہیں لہذا اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد نے پروگرام کے ذمہ داران سے رابطہ کرکے میزبانی کے لئے نام لکھوائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریلی کے راستے میں چار خصوصی اسٹیج لگائے جائیں گے جو امام حسین اسکوائر، فردوسی اسکوائر، انقلاب اسکوائر اور بہبودی چورنگی پر نصب ہوں گے۔ ان اسٹیجوں سے مختلف ثقافتی اور تفریحی شوز پیش کئے جائیں گے۔

مارچ کے راستے میں مجموعی طور پر 400 سے زائد ثقافتی مراکز اور مہمانوں کے لئے آرام گاہیں بھی ہوں گی۔ بچوں کو تھکاوٹ سے دور رکھنے کے لئے خصوصی تفریح گاہیں بنائی جائیں گی جہاں 4 ہزار سے زائد افراد تربیتی امور میں اپنی خدمات پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مغرب کے وقت نماز باجماعت کا عظیم اجتماع بھی ہوگا اور امام حسین اسکوائر بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک سے بھی لوگ غدیری دسترخوان میں شرکت کے خواہاں ہیں اور اب تک عراق اور پاکستان سے مومنین نے سبیلیں لگانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جبکہ اہل سنت برادران بھی اس نیک کام میں شرکت کے متمنی ہیں۔

ٹیگس