پاسداران انقلاب اسلامی کے جوانوں کی شجاعت کے سامنے امریکی دھونس دھمکیاں بے اثر
امریکہ نے اعتراف کیا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے تیل اسمگل کرنے والے ایک تیل بردار جہاز کو روک دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: امریکی ففتھ فلیٹ کے ترجمان ٹم ہاوکنز نے امریکی بحریہ کے غیر قانونی رویے کا کوئی ذکر کئے بغیر دعوی کیا ہے کہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ نے 6 جولائی کو اس آئل ٹینکر کو اپنے کنٹرول میں لیا تھا۔ انہوں نے یہ بات بتانے سے گریز کیا کہ یہ آئل ٹینکر بڑے پیمانے پر تیل اسمگل کر رہا تھا۔
اس بارے میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے اعلی عہدیدار ریئر ایڈمیرل رمضان زیراہی نے بتایا کہ 6 جولائی کو 10 لاکھ لیٹر تیل اسمگل کرنے والے اس بحری جہاز کو خلیج فارس میں روک دیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس آئل ٹینکر کے ذریعے تیل اسمگل ہونا ثابت ہو چکا تھا لیکن پھر بھی امریکی بحریہ نے جیٹ فائٹروں، ڈرون طیاروں اور جنگی جہازوں سے ایرانی فوجیوں کو مرعوب اور اس بحری جہاز کو چھڑانے کی کوشش کی تاہم سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جوانوں کی شجاعت و بہادری کو دیکھ کر وہ پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئے۔
قابل ذکر ہے کہ تیل اسمگل کرنے والے جہاز کے عملے کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔