Jul ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۷ Asia/Tehran
  • ایران کی ارضی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا: ایرانی وزیرخارجہ

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی آزادی، خودمختاری اور ارضی سالمیت پر کسی بھی طرح سے گفتگو نہیں کی جا سکتی۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ٹیلی فونی گفتگو کے دوران دوطرفہ اور علاقائی تعلقات اور ممالک کی علاقائی سالمیت کے احترام کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے صدور کی جانب سے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی خواہش پر زور دیا۔

امیر عبداللہیان نے روس اور خلیج فارس کے جنوبی ساحلی ممالک کے مشترکہ بیان میں خلیج فارس کے تین ایرانی جزائر سے متعلق پیراگراف کی دفعات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ان جزائر کے ایران کے ساتھ تاریخی اور دائمی تعلق پر زور دیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی آزادی، خودمختاری اور ارضی سالمیت پر کسی بھی طرح سے بات چیت نہیں کی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایران اور روس کے تعلقات کو مضبوط بنیادوں کا حامل قرار دیا اور کہا کہ ایسا کوئی کام نہیں کیا جانا چاہیے جس سے دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کو نقصان پہنچے۔

اس ٹیلیفونی گفتگو میں روسی وزیر خارجہ نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ روس اقوام متحدہ کے چارٹر کے تمام اصولوں پر عمل کرتا ہے جن میں ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے متعلق اصول بھی شامل ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ روس اقوام متحدہ کے چارٹر کے تمام اصولوں پر عمل پیرا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے بارے میں کسی قسم کے شکوک و شبہات کی اجازت نہیں دیتا ہے اور وہ اس کا مکمل احترام کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی کرے گا۔

اس ملاقات میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے احترام کو برقرار رکھنے اور اسے مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک معاہدے کے متن کی تیاری کے حتمی مراحل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ٹیگس