حضرت شاہ چراغ کے روضے پر دہشتگردانہ حملے پر انسانی حقوق کے مغربی دعویدار کیوں خاموش ہیں: ایران
ایران کے وزیر داخلہ نے حضرت شاہ چراغ کے روضے پر ہونے والے دہشتگردانہ حملوں پر انسانی حقوق کے مغربی دعویداروں کی خاموشی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے پیر کو شیراز میں واقع حضرت شاہ چراغ کے روضے میں جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دہشتگردانہ حملے پر مغربی ملکوں کی خاموشی قابل تامل ہے۔
انہوں نے انسانی حقوق کے دعویدار مغربی ملکوں کی جانب سے اس واقعہ پر خاموشی اختیار کرنے پر سخت تنقید کی۔
واضح رہے کہ امریکہ کے پروردہ دہشت گرد تکفیری ٹولے داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس حملے میں حضرت شاہ چراغ کے روضے کا ایک خادم شہید اور 8 زائر زخمی ہوئے، زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں حضرت شاہ چراغ کے روضے پر ہونے والے دہشتگردانہ حملے میں دو بچوں سمیت 15 افراد شہید اور 30 زخمی ہوئے تھے۔