دشمن کی رکاوٹوں کے باوجود ایٹمی ٹیکنالوجی میں ترقی و پیش رفت، ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ایران نے گزشتہ بیس برس کے دوران دشمن کی جانب سے ہر طرح کی رکاوٹیں ڈالے جانے کے باوجود ایٹمی ٹیکنالوجی میں ترقی و پیش رفت کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے منگل کے دن صوبۂ مغربی آذربائیجان میں واقع تبریز کے ایک لاکھ مربع میٹر پانی کے ذخیرے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی سائنس دانوں کی ٹارگیٹ کلنگ، پابندیاں، نفسیاتی حربے اور زیادہ دباؤ ڈالنے کے لئے بین الاقوامی اداروں کا سہارا لینا بھی ایران کی ایٹمی ٹیکنالوجی کی پیش رفت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکا ہے۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے صراحت کے ساتھ کہا کہ اس وقت ایران کا ایٹمی توانائی کا ادارہ ریڈیو میڈیسن کی تیاری میں صف اول کے ممالک میں شامل ہے۔ محمد اسلامی نے زرعی پیداوار کے تحفظ میں ایٹمی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ تیس فیصد زرعی پیداوار بطور فضلہ ضائع ہوجاتی ہے جو 4 کروڑ ٹن کے مساوی ہے، اسے ایٹمی ٹیکنالوجی کی مدد سے ضائع ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہمارے دشمن ایران کی پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کے بارے میں منفی پروپیگنڈہ اس لئے کرتے ہیں کیونکہ ایٹمی ٹیکنالوجی سائنس و ٹیکنالوجی کو شگافتہ کر کے آگے بڑھتی ہے اور اس سے استفادہ نہ کرنے سے تمام پیٹروکیمیکل، اسٹیل اور غذائی صنعتیں بند ہوجاتی ہیں۔