Sep ۰۶, ۲۰۲۳ ۲۰:۰۱ Asia/Tehran
  • اگر آپ نے استقامت کا مظاہرہ کیا تو چوٹی کو فتح کرلیں گے، طلبا سے رہبر انقلاب کا خطاب

رہبرانقلاب اسلامی نے اربعین حسینی کے موقع پر یونیورسٹیوں کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر آپ نے استقامت کا مظاہرہ کیا تو چوٹی کو فتح کرلیں گے۔

سحر نیوز/ ایران: اربعین حسینی کے موقع پر یونیورسٹیوں کے طلبا کی ماتمی انجمنوں نے آج (بدھ کو) حسینیہ امام خمینی میں رہبرانقلاب اسلامی کی موجودگی میں مجلس و ماتم کا اہتمام کیا اور مرثیہ خوانی اور زیارت اربعین پڑھی۔

اس موقع پر رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای خطاب کرتے ہوئے مجالس عزا اور امام حسین علیہ السلام کے توسل کو مشعل فروزان حسینی کے ابدی نورسے اتصال اور ارتباط کا ذریعہ قراردیا اور فرمایا کہ اس سلسلے میں سب سے اہم بات اس صراط مستقیم کے رابطے اور اتصال کی حفاظت ہے جس کے لئے استقامت اور ارادہ ضروری ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اگر آپ لوگوں نے استقامت کا مظاہرہ کیا تو چوٹی کو فتح کرلیں گے اور یوں آپ دین خدا کی حاکمیت اور حق و عدل کی حکمرانی کی اعلی منزل پر پہنچ جائيں گے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ملک کے نوجوان ملک کی امید اور مستقبل ہيں نجف سے کربلا تک اربعین ملین مارچ اور اسی طرح ایران کے دیگر شہروں میں اسی مناسبت سے نکالی گئيں اربعین ریلیوں کی جانب اشارہ کیا اور فرمایا کہ جس طرح سے آپ لوگوں نے اربعین مارچ میں ثابت قدمی کامظاہرہ کیا اسی طرح توحید کی حاکمیت کے راستے میں بھی ثابت قدم رہیں اور ہمیشہ حسینی طرز پر زندگی بسر کریں اور حسینی رہیں۔

 

ٹیگس