افغانستان کے مسائل کو علاقائی اور ہمسایہ ممالک کی مشاورت سے حل کیا جائے، ایران
ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نےافغانستان کے امور میں پاکستان کے وزیراعظم کے خصوصی نمائندے سے ملاقات میں، افغانستان کے مسائل کو علاقائی اور ہمسایہ ممالک کی مشاورت سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔
اسنا کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے امور میں پاکستان کے وزیراعظم کےخصوصی نمائندے آصف علی خان درانی نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی اور افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
افغانستان کے امور میں پاکستان کے وزیر اعظم کے خصوصی نمائندے نے پیر کے روز اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دوطرفہ اور علاقائی مسائل خاص طور پر افغانستان کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کے لئے تہران کا دورہ کیا- رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایران اور پاکستان کے توسط سے علاقائی سطح پر اور افغانستان کے امور میں کلیدی کردار ادا کرنے پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے اور خاص طورپر افغانستان میں امن و امان کے قیام کےلئے باہمی مشاورت کا عمل جاری رکھنے اور افغانستان کے مسائل کو علاقائی اور ہمسایہ ممالک کی مشاورت سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان کے امورمیں پاکستان کے وزیراعظم کے خصوصی نمائندے آصف علی خان درانی نے باہمی تبادلۂ خیال اور گفتگو پر خوشی کا اظہار کیا اور علاقے اور افغانستان کے مسائل کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نطر کا اظہار کیا اور افغانستان میں صلح اور امن و امان کے قیام میں پاکستان کے ایران کے ساتھ مشترکہ سیاسی اور سیکورٹی پہلوؤں میں باہمی تعلقات کے فروغ پر تاکید کی۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ افغانستان میں امن و استحکام کے قیام ميں تعاون کر رہا ہے-