Oct ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۱ Asia/Tehran
  • اگر غزہ پر جارحیت جاری رہی تو استقامتی محاذ کو روکنا مشکل ہو جائےگا: رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اگر صیہونی حکومت کے جرائم جاری رہے تو مسلمانوں اور مزاحمتی قوتوں کو دفاعی کارروائیوں سے کوئی نہیں روک سکتا۔

سحر نیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج تہران کے حسینیہ امام خمینی رح میں دانشوروں اور علمی شخصیات کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں صیہونی حکومت کے جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر صیہونی حکومت کے جرائم کا سلسلہ جاری رہا اورغزہ پر بمباری فورا بند نہ کی گئی تو مسلمان اور استقامتی قوتیں بیتاب ہوں گی اور پھر انہیں روکا نہیں جاسکے گا اس لئے کہ مسلم اقوام حقیقی معنوں میں غیظ و غضب میں ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ  بعض ملکوں کے سربراہوں نے ہمارے ملک کے حکام کے ساتھ بات چیت میں یہ دعوی کیا ہے کہ فلسطینیوں نے غیر فوجیوں کو مارا ہے، پہلی بات تو یہ ہے کہ ان کا دعوی جھوٹا ہے ، دوسری بات یہ ہے کہ کتنے غیر فوجی مارے گئے ہیں؟ اس کی سوگنا عورتوں اور بچوں کو غاصب صیہونی حکومت  شہید کررہی ہے اور ان عمارتوں پر بمباری کررہی ہے جن میں فوجی نہیں رہتے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ انہوں نے چند دنوں میں کئی ہزار فلسطینی شہید کئے یہ وہ جرم ہے جو دنیا کی آنکھوں کے سامنے ہے ۔

سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ صیہونی حکومت کی گزشتہ ہفتے سے جاری جارحیت امریکیوں کے ایما پر جاری ہے ۔ امریکہ حالیہ جرائم کا ذمہ دار ہے۔ فلسطینیوں پر بمباری فوری بند ہونی چاہئے۔

آپ نے فرمایا کہ متعدد رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ان دنوں صیہونی حکومت کے فیصلے امریکی کررہے ہیں اور وہی ان کیلئے پالیسیاں طے کرتے ہیں۔

ٹیگس