Oct ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۱:۳۶ Asia/Tehran
  • اس وقت فلسطینی قوم کو اسلامی ملکوں کی حمایت کی زیادہ ضرورت ہے: صدر رئیسی

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے امیر قطر سے ٹیلیفون پر گفتگو میں تاکید کی ہے کہ اس وقت فلسطینی قوم کو ماضی سے کہیں زیادہ پوری دنیا اور خاصطور سے اسلامی ملکوں کی حمایت کی ضرورت ہے۔

سحرنیوز/ ایران: صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو میں فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت کے عملی طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے کہا کہ مغربی ممالک اور ان میں سرفہرست امریکہ نے ہی غاصب صیہونی حکومت کو غزہ میں مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کرنے کی ہری جھنڈی دکھائی ہے جبکہ اس وقت فلسطینی قوم کو ماضی سے کہیں زیادہ پوری دنیا اور خاصطور سے اسلامی ملکوں کی حمایت کی ضرورت ہے تاکہ اسے صیہونی حکومت کے ہاتھوں جرائم سے بچایا جا سکے اور اس کی نسل کشی کو روکا جا سکے۔

صدر مملکت نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت، فلسطینی عوام یہاں تک کہ عورتوں اور ننھے اور معصوم بچوں تک کا خون بہا رہی ہے جبکہ اس نے غزہ کی بجلی، پانی منقطع کر کے اور غذائی اشیا اور امداد رسانی روک کر وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کیا ہے- یہ ایسے میں ہے کہ غزہ میں اسپتالوں اور بنیادی تنصیبات تک کو بمباری کر کے اس نے تباہ کردیا ہے۔ اس گفتگو میں امیر قطر نے بھی غزہ کے واقعات کو مغرب کی دوہرے معیار کی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ اسلامی اور اسی طرح علاقے کے ممالک اپنے اتحاد و یکجہتی سے غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کو روک سکتے ہیں۔

ٹیگس