فلسطین کی حمایت ایک دینی، سیاسی اور اخلاقی فریضہ ہے: امیر عبداللہیان
ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ دوحہ میں فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ملاقات اور غزہ میں عام شہریوں خاصطور سے عورتوں اور بچوں کے بہیمانہ قتل عام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
سحرنیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے قطر میں اپنی سفارت کاری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ملاقات اور صیہونی جارحیت اور غزہ میں عام شہریوں خاصطور سے عورتوں اور بچوں کے بہیمانہ قتل عام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں دونوں فریقوں نے غزہ میں مظلوم فلسطینیوں کی خونریزی روکنے کے لئے راہ حل کے حصول کی ضرورت پر زور دیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین کی حمایت ایک دینی، انسانی اور اخلاقی فریضہ ہے اور اس وقت امت مسلمہ کی جانب سے ماضی سے کہیں زیادہ مظلوم فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کئے جانے کی ضرورت ہے اور دنیا کے تمام حریت پسندوں ، بیدار ضمیروں نیز روشن خیال اور آزاد انسانوں کو چاہئے کہ وحشیانہ صیہونی جارحیت کے مقابلے میں نہتھے اور مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہو جائیں۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے قطر کا اپنا دورہ مکمل کر کے انقرہ کا بھی دورہ کیا جہاں غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کے بارے میں ترک حکام سے گفتگو کا عمل جاری ہے۔