صیہونی حکومت ایٹمی حملے کی دھمکی نہ دے، اس کی ماہیت پہلے سے زیادہ کھل کر سامنے آئی ہے: ایران
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے صیہونی وزیراعظم کی ایٹمی حملے کی دھمکی پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی ہر طرح کے واقعے کی ذمےدار ہوگی۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے بدھ کے دن کابینہ کے اجلاس کے موقع پر ایران پریس کے نامہ نگار کے سوال کے جواب میں کہا کہ ہر طرح کے واقعے کی ذمےداری ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی پر عائد ہوگی کیونکہ صیہونی حکومت نے این پی ٹی معاہدے اور سیف گارڈ پر دستخط نہیں کئے ہیں اور یہ حکومت دنیا کو ایٹمی حملے کی دھمکیاں دے رہی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ آج صیہونی حکومت کی ماہیت پہلے سے زیادہ کھل کر سامنے آئی ہے۔
محمد اسلامی نے صراحت کے ساتھ کہا کہ آج ساری دنیا کے لوگ زیادہ آگاہ ہوچکے ہیں اور انہوں نے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کی ہے جس کے باعث صیہونی حکومت بہت زیادہ رسوا ہوئی ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایک دن ایسا آئے گا جب بین الاقوامی تنظیمیں اپنی ذمےداریاں ادا اور کما حقہ بین الاقوامی امن قائم کریں گی۔