Dec ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۱ Asia/Tehran
  • غزہ  اور مغربی کنارے میں نسل کشی اور جنگی جرائم کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بحیرہ کیسپین سے متصل پانچ ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان مذاکرات میں مسئلہ فلسطین اور صیہونیوں کے جرائم کو فوری طور پر روکنے کے طریقوں پر بات چیت کریں گے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے منگل کی صبح ماسکو پہنچنے پر کہا کہ بحیرہ کیسپین کے سرحدی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کا مقصد ان پانچ ساحلی ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

امیر عبداللہیان کے مطابق اس ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال اور غزہ کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی اور فلسطین کے مغربی کنارے میں نسل کشی اور جنگی جرائم کو فوری طور پر روکنے، مسلسل انسانی امداد بھیجنے اور غزہ کے عوام کی جبری ہجرت کو روکنے کے لیے اجلاس میں شریک ممالک کے وزرائے خارجہ بالخصوص روس سے بات چیت کریں گے۔

بحیرہ کیسپیئن کے ساحلی ممالک کے وزرائے خارجہ کا سالانہ اجلاس آج 5 دسمبر کو اسلامی جمہوریہ ایران، رشین فیڈریشن، جمہوریہ آذربائیجان، قزاقستان اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ کی موجودگی میں منعقد ہورہا ہے۔

اجلاس میں کیسپین خطے کی سلامتی، اقتصادی تعلقات کے فروغ، سمندری نقل و حمل، تجارت، توانائی اور ماحولیات جیسے مختلف شعبوں میں تعاون پر بات کی جائے گی۔

ٹیگس