Dec ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۳:۵۸ Asia/Tehran
  • ایران اور روس کے مذاکرات کا اہم موضوع غزہ پر بمباری بند کرانا اور محاصرے کا خاتمہ ہے: ایرانی صدر

صدر مملکت نے کہا ہے کہ ایران اور روس کے مذاکرات کا اصلی موضوع مسئلہ فلسطین، غزہ پر فوری طور پر بمباری بند کرانے کی کوشش، غزہ کے عوام کے محاصرے کا خاتمہ، فلسطینی عوام کی انسان دوستانہ امداد اور فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے روس کے سفر پر روانہ ہونے سے قبل تہران کے مہرآباد ایرپورٹ پر کہا کہ ان کا دورہ ماسکو روسی صدر کی دعوت پر علاقے کے حساس ترین مسائل پر تبادلہ خیال اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کی توسیع کے مقصد سے انجام پا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت اہم ترین مسئلہ کہ جس نے پورے علاقے اور امت مسلمہ اور تمام حریت پسند انسانوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے وہ جرائم ہیں کہ جن کا ارتکاب غزہ کے عوام اور مظلوم و نہتھے فلسطینیوں کے خلاف نہایت بے دردی سے کیا جا رہا ہے اس لئے ایران اور روس کے مذاکرات کا اصلی موضوع مسئلہ فلسطین، غزہ پر فوری طور پر بمباری بند کرانے کی کوشش، غزہ کے عوام کے محاصرے کا خاتمہ، فلسطینی عوام کی انسان دوستانہ امداد اور فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان یوریشیا یونین، برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم کے دائرے میں تعاون جاری ہے اور تجارتی و اقتصادی تعاون کی توسیع سے متعلق اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ توانائی سمیت مختلف دیگر شعبوں میں بھی دو طرفہ تعاون جاری ہے۔

 

ٹیگس