Dec ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۴:۲۵ Asia/Tehran
  • غزہ کے عوام، میدان کے حقیقی ہیرو ہیں: ایرانی اسپیکر

ایران کی پارلمینٹ کےاسپیکر نے کہا ہے کہ کوئی بھی اقدام سات اکتوبر کے واقعے میں صیہونی حکومت کی عظیم شکست اور اس کی کھوئے ہوئے وقار کو بحال نہیں کر سکے گا۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ (مجلس شورائے اسلامی) کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پیر کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں کہا کہ گذشتہ دنوں سے ہم مشاہدہ کر رہے ہيں کہ امریکہ صیہونی حکومت کے اہم حامی کےطور پر غزہ میں اس کے جرائم کی مکمل حمایت کرکے، تمام جرائم میں برابرکا شریک ہے-

انہوں نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی کا اصل عامل امریکہ ہےجو غاصب صیہونی حکومت کی فوجی ، ابلاغیاتی اور سفارتی مدد و حمایت کر رہا ہے-

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ گذشتہ دنوں کے واقعات نے یہ ثابت کردیا ہے کہ غزہ کے عوام ، میدان کے حقیقی ہیرو ہیں اور کوئی بھی اقدام سات اکتوبر کو رونما ہونے والے واقعے میں جارح صیہونی حکومت کی بڑی ذلت و رسوائی اور شکست کی بھرپائی نہیں کرسکے گا-

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں اور حریت پسند اقوام کو اپنی حکومتوں سے یہ امید ہے کہ وہ سلامتی کونسل جیسے ظالمانہ ڈھانچے کو، امریکہ کی ہٹ دھرمی کے ساتھ صیہونی حکومت کو نسل کشی کی اجازت نہیں دیں گے۔

مقننہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ سے میری درخواست ہے کہ وہ ان کمپنیوں سے متعلق سامان کی فہرست دے کہ جن کی اہم شیئر ہولڈر اسرائیلی کمپنیاں ہیں تاکہ فلسطینی عوام کو جامع مدد فراہم کرنے اور غاصب صیہونی حکومت کے معاندانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے حکومت کے قانون کے تحت، ان اشیا کی درآمدات کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات عمل میں لائے جائيں۔

ٹیگس