Dec ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۹:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران میں دہشت گردانہ حملہ، پاکستانی سفیر نے سخت مذمت کی

مشرقی ایران میں راسک پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں 11 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

  سحر نیوز/ ایران:ایران کے صوبہ سیستان وبلوچستان کے گورنر کے سیکورٹی ایڈوائزر علی رضا مرحمتی نے ارنا کے نامہ نگار کو بتایا ہے کہ جمعرات کی رات دہشت گردوں نے راسک کے پولیس اسٹیشن پر بزدلانہ حملہ کیا جس میں 11 اہلکار شہید ہوگئے۔

راسک ایران کے صوبہ سیستان وبلوچستان کا جنوبی شہر ہے ۔

صوبہ سیستان و بلوچستان کے گورنر کے سیکورٹی ایڈوائزر نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کے اس بزدلانہ  حملے میں متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

 انھوں نے بتایا کہ حملے کے وقت پولیس اسٹیشن میں موجود اہلکاروں نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور متعدد دہشت گردوں کو ہلاک اور زخمی کردیا۔

 پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ شہر راسک کے پولیس اسٹیشن پر آدھی رات کے وقت دہشت گردانہ حملہ ہوا ہے۔

 دہشت گردوں کے حملے کے بعد پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کئی دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے اور متعدد پولیس اہلکار بھی شہید اور زخمی ہوگئے۔

 رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت شہر راسک   پوری طرح کنٹرول میں ہے اور حالات معمول پر ہیں۔

 در ایں اثنا اسلامی جمہوریہ ایران میں پاکستان کے سفیر نے سیستان بلوچستان کے راسک میں پولیس چوکی پر دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس 11 پولیس اہل کاروں کی شہادت پر تعزیت پیش کی ہے۔

محمد مدثر ٹیپو نے ایکس پر اپنے لکھا ہے : ہم راسک میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ ميں مذمت کرتے ہيں جس میں 11 پولیس اہل کار شہید ہو گئے۔

انہوں نے مزید لکھا: پاکستان ، اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

 

ٹیگس